لکی کور پاکستان لمیٹڈ کے سالانہ مالیاتی نتائج کا اعلان 100 فیصدکیش ڈیویڈنڈ، ماسٹر بیچ منصوبے کی منظوری،فی حصص آمدنی میں 16 فیصد اضافہ 31 ،جولائی2017 ؁ء

July 31, 2017

لکی کور پاکستان لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کمپنی کے مالیاتی نتائج برائے سال2016-17 ؁کا اعلان کر دیا ۔کمپنی کے اعلامیہ کے مطابق مذکورہ سال کیلئے غیر مجموعی بعد از ٹیکس منافع 3,296 ملین روپے رہا جوکہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں16فیصد زیادہ ہے۔جبکہ فی حصص آمدنی 16 فیصد اضافے کے ساتھ 35.69 روپے رہی۔یہ شاندار اضافہ گزشتہ سال کے مقابلے میں آپریٹنگ منافع میں اضافہ،شریک کمپنیوں کی جانب سے بہترین منافع (ڈیویڈنڈ)اور زرمبادلہ کی ادائیگیوں میں کم نقصان کی وجہ سے ممکن ہوا۔

اس سال کے دوران آپریٹنگ منافع گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 16 فیصد اضافہ کے ساتھ 4,044 ملین روپے رہا جو کہ پولیئسٹر لائف سائنسز اور کیمیکلز بزنس کی نمایاں کارکردگی کی وجہ سے ممکن ہوا۔

30جون کو ختم ہونے والی مالی سال کے دوران نیٹ ٹرن اوور 12 فیصد اضافے کے ساتھ  41,364 ملین روپے رہا جوکہ گزشتہ سال اسی مدت کے دوران 36,954 ملین روپے رہا تھا۔اس اعلیٰ کارکردگی میں تمام بزنسز کی سیلز کی کارکردگی نظر آتی ہے۔پولیئسٹر بزنس کی آمدنی میں7فیصد اضافے میں پیٹرو کیمیکلزچین اورپولیئسٹر اسٹیپل فائبر کی قیمتوں اور بلیک فائبر کی فروخت نے اضافے میں اہم کردار ادا کیا۔

سوڈا ایش بزنس کی آمدنی میں2فیصدجبکہ لائف سائنسز بزنس کی سیلز میں 28 فیصد اضافہ رہا جس کی وجہ بزنس کے ترقیاتی اور توسیعی منصوبے ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ کیمیکلز بزنس کے نیٹ ٹرن اوور میں متذکرہ عرصے کے دوران 20 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا جو کہ سیلز میں اضافہ اور نئے کسٹمرز سے رابطوں کی وجہ سے ممکن ہوا۔

چیف ایگزیکٹو آصف جمعہ نے اس موقع پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ”سال 2016-17 ؁ء ہمارے لئے کلٹیویٹنگ گروتھ(ترقی کیلئے کوشاں) کے حوالے سے نہایت پر جوش رہا ہے جس کے دوران ہم نے اپنے توسیعی منصوبوں کے سنگ میل عبور کئے،اس کے علاوہ شراکت داری اور کاروبار میں جدت پسندی کی وجہ سے یہ ایک یادگار سال رہا۔ہم عنقریب پاکستان کی آزادی کے 70 سال مکمل کرنے والے ہیں۔ ہم اپنے اس عہد کو دوبارہ دہرائیں گے کہ ہم اپنے ملک کیلئے اسی طرح سے کام کرتے رہیں گے جس طرح سے سات دہائیوں سے زیادہ سے کام کرتے آرہے ہیں ۔ ہماری خواہش ہے کہ ہم مل کر ترقی کریں تاکہ ملک کا اور ہمارا مستقبل روشن رہے۔چیف ایگزیکٹو نے سال 2016-17 ؁ء کے دوران اہم ترقیاتی کاموں کے بارے میں درج ذیل میں بتایا ۔

* لائف سائنسز بزنس نے اپنے پروڈکٹ پورٹ فولیومیں اضافہ اور مینو فیکچرنگ کی صلاحیتوں میں بے حد نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔خاص طور سے سرن فارما سیوٹیکلز پرائیوٹ لمیٹڈ اور وائتھ پاکستان لمیٹڈ کے مخصوص اثاثوں کا حصول(جوکہ متعلقہ ضابطوں کی تکمیل کے مراحل میں ہے)۔

* موریناگا انفنٹ فارمولا ملک بنانے ،اس کی ڈسٹریبیوشن مارکیٹنگ اور سیلز کے حوالے سے شیئر ہولڈرز معاہدے کی تکمیل۔اس معاہدے کی رو سے ایک نہایت جدید مینو فیکچرنگ پلانٹ لگایا جائیگا۔اس منصوبے پر کام کا آغاز نئے تشکیل شدہ ذیلی ادارینیوٹریکو موریناگا (پرائیوٹ) لمیٹڈ نے شروع کردیا ہے جس میں لکی کور پاکستان لمیٹڈ 51فیصد اکثر یتی حصص کا مالک ہے۔

مجموعی طور پر بشمول ذیلی اداروں یعنی لکی کور پاکستان پاورجن لمیٹڈ،سرن فارماسیوٹیکلز پرائیوٹ لمیٹڈ اور نیوٹریکو موریناگا (پرائیوٹ) لمیٹڈ کے نتائج،بعد از ٹیکس منافع سال 2016-17 ؁ء کیلئے 3,280 ملین روپے یا فی حصص آمدنی 35.54 روپے رہی جو کہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 20فیصد زیادہ ہے۔جبکہ اسی دوران کمپنی کو 671 ملین روپے نیوٹریکو پاکستان (پرائیوٹ) لمیٹڈ کی جانب سے بطور منافع کا حصہ وصول ہوئے۔

کمپنی کا مستقبل تابناک نظر آرہا ہے جس کی وجہ ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مثبت ماحول کا پایا جانا مثلاً سی پیک سے منسلک توانائی اور معاشی ترقی کے منصوبے،متوازن افراط زر اور شرح سود اور انرجی کی سپلائی اور دستیابی ہے۔

کاروبار کیلئے سازگار ماحول کمپنی کو یہ موقع فراہم کرے گا کہ وہ مزید ترقی کرے اور اپنے آپ کو وسعت دے ۔پولیئسٹر بزنس میں آر ایل این جی (RLNG) کی دستیابی کی وجہ سے توقع ہے کہ مارجنز اور آپریشنز مستحکم ہوں گے۔سوڈا ایش کے توسیعی منصوبوں کی بدولت کمپنی کسٹمرز کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرسکے گی۔لائف سائنسز بزنس بھی مستقبل میں مزید بہتری کی جانب پیش قدمی جاری رکھے گا۔

لکی کور پاکستان لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کیمیکلز بزنس کے ماسٹر بیچ (Masterbatch) مینوفیکچرنگ منصوبے کی منظوری دیدی ہے۔ماسٹر بیچ مختلف قسم کے پلاسٹکس(پی ای،پی پی،پی وی سی)وغیرہ میں کلرنگ کیلئے استعمال ہوتا ہے۔ یہ منصوبہ تقریباً 590 ملین روپے کا ہے اور امید ہے کہ 2019 کی پہلی سہ ماہی میں پیدا وار شروع کر دیگا۔ یہ منصوبہ کیمیکلز پلانٹ واقع5۔ویسٹ وہارف کراچی میں لگا یا جائیگا۔یہ منصوبہ بھی اس حکمت عملی کا ایک حصہ ہے جو کہ کمپنی کے کیمیکلز بزنس کے پروڈکٹ پورٹ فولیو میں بہتری اور اضافہ کیلئے کی جارہی ہیں۔

بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 30 جون 2017 ؁ء کو ختم ہونے والے مالی سال کیلئے 100 فیصد حتمی نقد منافع کا اعلان کیا ہے جو کہ 10  روپے مالیت کے حصص پر10/- روپے فی حصص بنتا ہے۔واضح رہے کہ یہ 80 فیصد عبوری منافع جوکہ پہلے ہی ادا کیا جاچکا ہے کے علاوہ ہے۔

Download