لکی کور پاکستان لمیٹڈنے قدرتی وسائل کے تحفظ کا سوئس ایوارڈ جیت لیا۔

October 17, 2015

لکی کور پاکستان لمیٹڈ نے بزنس اسکول لاسین (BSL) سویٹزرلینڈسے ‘Sustainability Innovation Award’ جیتا۔ قدرتی ماحول کے تحفظ کے طریقوں اور ان کے پیش کرنے کے بارے میں یہ بین الاقوامی اعتراف ہے جو ایک پاکستانی ادارے کیلئے غیر معمولی اورشاندار اعزازہے۔

BSL ” اہم معاشی، سماجی اور ماحولیاتی مسائل کے حل کے لئے لکی کور پاکستان کی کاوشوں سے بہت متاثر ہوا” اس نے کمپنی کی اس کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے”ماحول کے تحفظ کو اپنی کاروباری حکمت عملی کا بنیادی حصہ بنانے کی صلاحیت ” قرار دیا۔

یہ سوئس انسٹی ٹیوٹ کاروباری اصولوں کی تعلیم میں اعلیٰ درجہ کاجدّت پسندادارہ ہے اور ماحول کے تحفظ کی بہترین عملی تعلیم کیلئے بہت معتبر مانا جاتا ہے۔لکی کور پاکستان لمیٹڈکویہ ایوارڈ محترمہ نازش بخاری (اسسٹنٹ پروفیسر ، یونیورسٹی آف دی پنجاب ) کی ایک کیس اسٹڈی کی بناء پر حاصل ہوا جو BSL کی ڈاکٹری کی ڈگری کیلئے ریسرچ کنسلٹنٹ تھیں۔انہوں نے کمپنی کے ماحولیاتی تحفظ کے سلسلے کو اچھی طرح سمجھنے کیلئے کمپنی کے مختلف شعبوں کا ڈیڑھ سال تک گہرا مطالعہ کیا۔

یہ رپورٹ ‘Building Sustainable Legacies’ میں شائع ہوئی ہے جس میں دنیا بھر سے جدید ماحولیاتی تحفظ کی فرمز کی سات کیس اسٹڈیز شامل ہیں۔امید ہے کہ لکی کور پاکستان کی کہانی ترقی پذیر ممالک کے دوسرے اداروں کیلئے تحریک اور رہنمائی کا سبب ہوگی۔مس بخاری نے اپنے مطالعہ میں لکی کور پاکستان لمیٹڈ کے سینئر ممبرز سے واضح طور پرمتعلقہ تفصیلات اور پالیسی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے ایک جامع ماحولیاتی تحفظ کے کلچر اور لیڈر شپ کے حوالے سے 40 منیجرز کا ایک سروے کیا۔انہوں نے سہیل اے خان (وی پی ، پولی ایسٹر اینڈ سوڈا ایش)، آصف ملک (سابقہ وی پی، لائف سائنسز)، سید اقبال حیدر(جی ایم، ٹیکنیکل) اور ظفر فرید(کارپوریٹ سیفٹی اینڈ انوائرنمنٹ منیجر، پروڈکشن ) کے انٹر ویوز بھی کئے۔

یہ ایوارڈ کمپنی کے لئے مزیدحوصلہ افزائی کا سبب ہے، کیونکہ ہم نے گزشتہ سال بھی بہترین ماحولیاتی تحفظ کی رپورٹ پر ACCA-WWF کا ایوارڈ جیتا تھا۔تاہم آصف جمعہ (چیف ایگزیکٹیو) نے اس بات پر زور دیا ہے کہ لکی کور پاکستان لمیٹڈ ماحولیاتی تحفظ کے سلسلے میں کاوشوں میں کوئی کمی نہیں ہونے دے گی۔”ہم ان اعزازات پر مطمئن ہوکر نہیں بیٹھیں گے، بلکہ انہیں مزید اقدامات کیلئے ترغیب سمجھیں گے ” انہوں نے کہا۔

Download